کراچی کے راشد منہاس روڈ پر بہن بھائی کو کچل کر جاں بحق کرنے والے ڈمپر ڈرائیور کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
پولیس نے ملزم کو جوڈیشل مجسٹریٹ وسطی کی عدالت میں پیش کیا، جہاں تفتیشی افسر نے بتایا کہ ملزم کے پاس ہیوی ٹریفک لائسنس نہیں، صرف ایل ٹی وی لائسنس ہے جو 2016 میں ایکسپائر ہو چکا ہے۔ ڈمپر کے مالک سے متعلق معلومات کے لیے مزید تفتیش ضروری ہے۔
تفتیشی افسر کے مطابق حادثے کے بعد مشتعل افراد کے تشدد سے ملزم کی آنکھ پر چوٹ آئی۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ یوسف پلازا میں درج ہے۔ عدالت نے ملزم کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے، گزشتہ روز تیز رفتار ڈمپر نے موٹر سائیکل سوار بہن بھائی کو کچل کر جاں بحق اور والد کو زخمی کردیا تھا، جس کے بعد مشتعل مظاہرین نے 7 ڈمپروں کو آگ لگا دی تھی۔
سندھ اسمبلی میں گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف کارروائی ہوگی، تاہم ڈمپروں کو آگ لگانے کا عمل شہر کے امن کو تباہ کرنے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق یہ لوگ دوبارہ لسانیت اور بھتہ خوری کی سیاست نہیں کرنے دیے جائیں گے۔
حادثے کی تحقیقات کے لیے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق، ہلکی بوندا باندی کے باعث سڑک گیلی تھی اور موٹر سائیکل ممکنہ طور پر کسی دوسری گاڑی سے ہلکی ٹکر کے بعد پھسل گئی۔ پیچھے سے آنے والے تیز رفتار خالی ڈمپر نے گرنے والے بہن بھائی کو کچل دیا۔