فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اپنے سرکاری دورۂ امریکا کے دوران اہم سیاسی اور عسکری رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس دورے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ٹیمپا میں امریکی سینٹکام کے کمانڈر جنرل مائیکل
کریلا کی ریٹائرمنٹ تقریب میں شرکت کی، اس کے ساتھ کمان کی تبدیلی کی تقریب میں بھی موجود رہے، جہاں ایڈمرل بریڈ کوپر نے ذمہ داریاں سنبھالیں۔
جنرل کریلا کی شاندار خدمات اور پاکستان و امریکا کے درمیان عسکری تعاون کو مضبوط بنانے کے کردار کو فیلڈ مارشل نے سراہا، جبکہ ایڈمرل کوپر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ دونوں ممالک مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ڈین کین سے بھی ملاقات کی، جہاں باہمی پیشہ ورانہ دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی۔ آرمی چیف نے جنرل ڈین کین کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی۔
اس کے علاوہ فیلڈ مارشل نے دوست ممالک کے ڈیفنس چیفس سے بھی ملاقاتیں کیں اور پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے پاکستان کے بہتر مستقبل پر اعتماد رکھنے اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے پر زور دیا۔ پاکستانی کمیونٹی نے بھی پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے بھرپور تعاون کے عزم کو دہرایا۔